کھیل

'حارث سہیل اپنا بیگ پیک کریں اور واپس جائیں'

آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ناکامی کے بعد ٹیم مینجمنٹ کے حارث سہیل سے خراب رویے کا انکشاف ہوا ہے۔

قومی ٹیم کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے جس کے بعد انہیں دوسرے ٹیسٹ میچ سے ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔

برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں حارث سہیل پہلی اننگز میں صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے اور دوسری اننگز میں بھی 8 رنز پر ان کی اننگز کا خاتمہ ہو گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو آسٹریلیا میں لگاتار پانچویں کلین سوئپ سے بچنے کا چیلنج درپیش

دونوں ہی اننگز میں مچل اسٹارک کی گیند پر ٹم پین نے ان کا کیچ لیا تھا۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد انہیں ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کی خبریں سامنے آرہی تھیں اور آج کپتان اظہر علی نے پریس کانفرنس کے دوران اس بات کی تصدیق کردی کہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوران حارث سہیل ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

جہاں ایک طرف انہیں ٹیم سے ڈراپ کرنے کی خبریں سامنے آرہی ہیں وہیں اب ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے حارث سے خراب رویہ روا رکھنے اور انہیں پاکستان واپس جانے کا مشورہ دیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے اپنے یوٹیوب چینل پر انکشاف کیا کہ ٹیم مینجمنٹ کے صف اول کے چند اراکین نے حارث سہیل کو کہا کہ 'اپنا بیگ پیک کریں اور واپس جائیں، آپ نے اچھا پرفارم نہیں کیا۔'

ان کے ساتھ موجود پروگرام کے میزبان ڈاکٹر نعمان نے اس خبر پر شدید حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ حارث سہیل کو غلط نمبر پر کھلا کر اپنی نالائقی چھپانے کے لیے یہ کر رہے ہیں۔

راشد لطیف نے بتایا کہ اس موقع پر ٹیم مینجمنٹ کے سینئر اراکین منصور رانا اور شاہد اسلم نے سمجھا کر مینجمنٹ کے اراکین کو اس اقدام سے روکا کہ آپ کیا کر رہے ہیں۔

نعمان نیاز نے کہا کہ حارث کو پہلے ٹیسٹ میچ میں غلط نمبر پر کھلایا گیا اور اگر وہ نمبر 5 یا 6 پر کھیلتا تو رنز کرتا، انہوں نے حارث سہیل کا اعتماد بالکل ختم کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: 'گھر والے بھی پوچھتے ہیں تمہیں پاکستان ٹیم میں کیوں منتخب نہیں کرتے'

دونوں مبصرین نے کہا کہ حارث سہیل بہت اچھا کھلاڑی ہے لیکن اس کا نمبر کا مسئلہ ہے، فرسٹ کلاس کرکٹ میں 50 کی اوسط ہے لیکن غلط نمبر پر کھلایا جا رہا ہے۔

پروگرام میں ڈاکٹر نعمان نے انکشاف کیا کہ جلد سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد بھی اسپن باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے ٹیم مینجمنٹ کا حصہ ہوں گے اور دعویٰ کیا کہ وہ وقار یونس اور مصباح الحق کے ساتھ مل کر کرکٹ کا ستیاناس کردیں گے اور ٹیم کو برباد کر کے جائیں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری میچ کل سے کھیلا جائے گا۔