دنیا

سعودی عرب، یو اے ای کا بھارت میں 70 ارب ڈالر کی ریفائنری لگانے پر غور

سعودی ولی عہد اور ابوظہبی کے ولی عہد کے درمیان بھارت میں سرمایہ کاری کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹرا میں 70 ارب ڈالر کی ریفائنری لگانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ سرمایہ کاری کے یہ نئے اعداد و شمار اس سے قبل اعلان کیے گئے 44 ارب ڈالر سے کہیں زیادہ ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے پی' کی رپورٹ کے مطابق 70 ارب ڈالر کے نئے اعداد و شمار متحدہ عرب امارات میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان کے درمیان گزشتہ روز ہونے والے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں سامنے آئے۔

مزید پڑھیں: پہلے مرحلے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بڑی رقم ہے، سعودی ولی عہد

بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان 2018 میں اعلان کیے گئے سرمایہ کاری کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سرمایہ کاری کے ذریعے ریفائنری اور پیٹروکیمیکلز کمپلیکس تعمیر کیا جانا ہے جہاں بھارتی مارکیٹ کے لیے یومیہ 6 لاکھ بیرل سعودی اور اماراتی خام تیل سپلائی کیا جائے گا۔

سعودی آرامکو اور ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (ایڈنوک) کے اشتراک سے بننے والے اس منصوبے کے لیے ابھی زمین لی جانی باقی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیلئے سعودی عرب کا سب سے بڑا ’سرمایہ کاری پیکج‘ تیار

یاد رہے کہ بھارت کی سرکاری آئل کمپنی سے آرامکو اور متحدہ عرب امارات کی سرکاری کمپنی ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی نے گزشتہ برس ایک معاہدہ کیا تھا جس میں ریاست مہاراشٹرا میں 13 لاکھ بیرل یومیہ تیل کی پیداوار کا منصوبہ شامل تھا۔

تاہم ہزاروں کسانوں کی جانب سے زمین دینے سے انکار کرنے پر اس منصوبے پر کام تاخیر کا شکار ہوا تھا جبکہ مہاراشٹرا کی ریاستی حکومت اس منصوبے کو دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے رواں برس فروری میں بھارت کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے کہا تھا کہ اگلے دو برس میں بھارت میں ایک سو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔