یورپی یونین (ای یو) میں امریکا کے سفیر اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جانے والے 62 سالہ گورڈن سونڈ لینڈ پر کم سے کم 3 خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کردیے۔
گورڈن سونڈ لینڈ پر ایک ایسے وقت میں خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی جاری ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے میں گورڈن سونڈ لینڈ کا کردار انتہائی اہم ہے اور وہ امریکی صدر کے اسی مقدمے میں گواہ بھی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف امریکی ایوان نمائندگان کی خصوصی کمیٹی مواخذے کی تفتیش کر رہی ہے۔
مذکورہ مواخذہ اسپیکر نینسی پلوسی کی اجازت کے بعد شروع کیا گیا، اگر ڈونلڈ ٹرمپ پر الزامات سچ ثابت ہوئے تو انہیں عہدے سے ہٹایا جا سکے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے ڈیموکریٹک حریف اور نائب صدر جو بائیڈن کو نقصان پہنچانے کے لیے یورپی ملک یوکرین کے صدر سے مدد طلب کی اور انہیں مشروط امداد دینے کا کہا۔
الزامات کے تحت ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین پر زور دیا کہ اگر وہ امریکی امداد چاہتے ہیں تو یوکرین جو بائیڈن اور ان کے بیٹے کے خلاف کرپشن کے الزامات لگا کر تفتیش کرے۔
ان ہی الزامات کے تحت ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذہ کی تفتیش جاری ہے اور اسی کیس میں یورپی یونین میں امریکی سفیر گورڈن سونڈ لینڈ بھی گواہ کے طور پر پیش ہوئے، وہ امریکی صدر کے گواہ کے طور پر پیش ہوئے۔
گورڈن سونڈ لینڈ پر بھی الزام ہے کہ انہوں نے یورپی یونین کے سفیر کے طور پر امریکی صدر کا ساتھ دیا۔