گائے کو ’ڈپریشن‘ سے بچانے کے لیے ورچوئل ہیڈ سیٹ کا استعمال
عام طور پر ورچوئل ریئلٹی (وی آر) ہیڈ سیٹ کو انسانوں کے ’ڈپریشن‘ کم کرنے کے لیے مددگار سمجھا جاتا ہے، تاہم روس میں اس ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے جانوروں کو بھی ’ڈپریشن‘ سے بچانے کا کام کیا جا رہا ہے۔
جی ہاں، روسی حکومت نے ایک ایسے منصوبے کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے ’گائے‘ کو ’ڈپریشن‘ سے بچانے سمیت اس کے دودھ کی پیداوار بھی بڑھائی جا سکے گی۔
روس کی وزارت زراعت و خوراک کی جانب سے ملک بھر کی گائے کو ڈپریشن سے بچانے کے لیے درالحکومت ماسکو کے قریب ایک فام میں ایک نئے تجرباتی منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے جس کے ابتدائی نتائج توقعات سے زیادہ بہتر نکلے ہیں۔
وزارت زراعت و خوراک کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ماسکو کے قریب ’رس ملوکو‘ فام میں ’گائے‘ کو ’ڈپریشن‘ سے بچانے کے لیے وی آر ہیڈ سیٹ پہنائے جانے کے توقعات سے زیادہ فوائد حاصل ہوئے ہیں اور ان کے دودھ کی پیداوار بہتر ہوئی ہے۔
بیان کے مطابق وی آر ہیڈ سیٹ میں ’گائے‘ کو خیالی ہریالی اور انتہائی اچھے نظارے دکھائے جاتے ہیں اور وہ خیال کرتی ہیں کہ وہ اپنے پسندیدہ ماحول میں چر رہی ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ وی آر ہیڈ سیٹ کے ذریعے گائے کو خیالی چراگاہیں دیکھنے کو ملتی ہیں جس وجہ سے ان کے دودھ کی پیدوار پہلے سے بہتر ہوئی ہے۔