مالی میں دو ہیلی کاپٹر ٹکرانے سے 13 فرانسیسی فوجی ہلاک
دونوں ہیلی کاپٹر بہت نیچے پرواز کر رہے تھے اور لپٹاکو کے علاقے میں ٹکرا کر تباہ ہو گئے، فرانسیسی فوج
بماکو: مالی میں شدت پسندوں سے نبردآزما فرانسیسی فوج کے دو ہیلی کاپٹر ٹکرانے سے کم از کم 13 فوجی ہلاک ہو گئے۔
یہ 2013 سے مغربی افریقہ میں جاری فوجی آپریشن میں فرانسیسی فوجیوں کی ہلاکت کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔
فوجیوں کی ہلاکت کے بعد ایک مرتبہ پھر شدت پسندی کے خلاف جنگ کے اس پریشان کن پہلو کی جانب دنیا بھر کی توجہ مرکوز ہو گئی ہے جہاں صرف رواں ماہ کے دوران شدت پسندوں کی جانب سے مقامی فوج اور کینیڈا کی مائننگ کمپنی کے ملازمین کے قافلے پر حملے کے نتیجے میں کم از کم 37 افراد ہلاک ہوئے۔
مزید پڑھیں: افغانستان میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 2 امریکی فوجی ہلاک
فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے پیر کی شام رونما ہونے والے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ ان 13ہیروز کا صرف ایک مقصد تھا، ہماری حفاظت۔