بھارتی شخص سے ساڑھے 7 کلو وزنی گردہ نکال دیا گیا
عام طور پر انسانی گردے کا وزن 150 گرام تک ہوتا ہے اور اس کا سائز بھی چھوٹا ہوتا ہے۔
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ایک ہسپتال کے ڈاکٹروں نے گردوں کے مرض میں مبتلا ایک شخص کا 7 کلو 400 گرام وزنی گردہ نکال دیا۔
ڈاکٹروں نے دعویٰ کیا ہے کہ مریض کے جسم سے نکالا گیا گردہ دنیا کا سب سے بڑا گردہ تھا۔
بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق نئی دہلی کے شری گنگا رام ہسپتال کے یورولاجی ماہر ڈاکٹر سچن کٹوریا نے دعویٰ کیا کہ مریض کے جسم سے نکالا گیا گردہ کسی بھی جسم سے نکالا گیا دنیا کا بڑا گردہ ہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق وہ خود بھی مریض کے جسم میں موجود 7 کلو 400 گرام وزنی گردہ دیکھ کر حیران رہ گئے اور انہوں نے مجبوری اور مریض کی زندگی بچانے کے لیے گردے کو جسم سے نکالا۔