اداکارہ ایمان سلیمان نے اچانک منگنی کرلی، جلد شادی کرنے کا اعلان
اپنے بے باک انداز اور خواتین کی برابری سے متعلق آواز اٹھانے والی ماڈل و اداکارہ ایمان سلیمان نے اچانک منگنی اور جلد شادی کا اعلان کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔
ایمان سلیمان کی جلد ہی پہلی فلم ’زندگی تماشا‘ ریلیز ہوگی لیکن ممکنہ طور پر ان کی فلم کے ریلیز کے ساتھ ہی وہ شادی بھی کرلیں گی، عین ممکن ہے کہ وہ فلم کی ریلیز سے قبل ہی شادی کرلیں۔
ایمان سلیمان نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے منگیتر کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو آگاہ کیا کہ انہوں نے تین ماہ قبل بننے والے دوست جمیل سے منگنی کرلی ہے اور وہ جلد سے جلد شادی کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہراساں کرنے والے کے ساتھ لکس ایوارڈ کا حصہ نہیں بن سکتی، ایمان سلیمان
اپنے مختلف انداز بیاں میں انہوں نے شادی اور جمیل سے تعلقات سمیت اپنے خاندان والوں کے رد عمل پر بھی بات کی اور بتایا کہ پاکستان میں رہتے ہوئے وہ شادی کے بغیر ایک مرد دوست کے ساتھ زندگی نہیں گزار سکتیں اور ان کے والدین بھی ایسے عمل پر ناراض ہوں گے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جیسے ہی ان کے والدین کو جمیل سے تعلقات کا علم ہوا تو انہوں نے انہیں فوری طور پر شادی کرنے کا کہا اور ان پر واضح کیا کہ وہ امریکا میں نہیں رہتیں۔
ایمان سلیمان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ اپنی محبت کو رشتے میں بدلنے کے لیے شادی کرتے ہیں اور کچھ لوگ شادی کرکے محبت کرتے ہیں، ایسے ہی کچھ لوگ تنہائی ختم کرنے اور ساتھی کی چاہت میں شادی کرتے ہیں۔