خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن

خواتین پر تشدد کو روکنے کے لیے عالمی سطح پر آج دن منایا گیا اور مسئلے کے حل کے لیے دنیا بھر میں مظاہرے کیے گئے۔

خواتین پر ہونے والے تشدد کو روکنے کے لیے آج عالمی سطح پر دن منایا گیا جہاں دنیا بھر میں اس مسئلے کے حل کے لیے خواتین سمیت مرد حضرات بھی سڑکوں پر نکل آئے۔

عوام نے حکومتوں سے مسئلے کے فوری حل کا مطالبہ کرتے ہوئے متاثرین سے یکجہتی کا بھی مظاہرہ کیا۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بھی اس مسئلے پر بیان جاری کرتے ہوئے ریپ کو معاشرے کے لیے ناقابل برداشت عمل قرار دیتے ہوئے اسے عالمی سطح پر غیر قانونی قرار دینے کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے اس وقت آدھے سے زائد ممالک میں 'ازدواجی ریپ' یا 'مرضی کے اصولوں کے مخالف' ہونے والے ریپ کو مجرمانہ عمل قرار دینے کے قوانین موجود نہیں ہیں۔