افریقی ملک کانگو میں جہاز گر کر تباہ، 23 افراد ہلاک
ڈورنیئر 228 جہاز نے گوما سے بینی کیلئے اڑان بھری تھی اور مشرق میں ایئرپورٹ کے قریب رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔
وسطی افریقی ملک عوامی جمہوریہ کانگو میں چھوٹا جہاز گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک ہوگئے۔
جہاز گرنے کا واقعہ کانگو کے شہر گوما کے گنجان آباد علاقے میں پیش آیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق گوما کے ریسکیو سروس کے کوآرڈینیٹر جوزف ماکُنڈی نے بتایا کہ 'اب تک ہم 23 لاشیں جہاز کے ملبے سے نکال چکے ہیں۔'
خیال کیا جارہا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں جہاز میں موجود تمام افراد کے علاوہ زمین پر موجود کچھ افراد بھی شامل ہیں۔
تصاویر میں حادثے کی جگہ سے کالا دھوا اٹھتے اور وہاں مقامی افراد کو جمع دیکھا گیا۔
گوما ایئرپورٹ کے عہدیدار رِچرڈ مَنگولوپا نے بتایا کہ حادثے میں جہاز میں موجود کسی شخص کے زندہ بچنے کے امکانات نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جمہوریہ کانگو: ٹرین حادثے میں 50 افراد ہلاک