پان کھائے سیاں ہمارو
سندھ کا یہ علاقہ کاروباری لحاظ سے بہت زرخیز ثابت ہورہا ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کی معاشی حالت بھی کافی بہتر ہوگئی ہے۔
پان کھائے سیاں ہمارو
تحریر و تصاویر: اختر حفیظ
کھیت کھلیان، پگڈنڈیاں، ٹیڑھے میڑے راستے، کہیں جنگل تو کہیں صحرا یہ سب میرے سفر کے ساتھ ساتھ چلتے رہتے ہیں۔ اس بار مجھے ایسے کھیتوں کی تلاش تھی جہاں سے کچھ خاص پتّے چُنے جاتے ہیں اور یہ نہ صرف گھروں تک پہنچتے ہیں بلکہ بازاروں کی ان منزلوں تک بھی پہنچتے ہیں جہاں ان کے چاہنے والے ہر وقت موجود رہتے ہیں۔
اس بار میرے سفر کی منزل پان کے کھیت تھے، جہاں پان کی پیداوار بڑے پیمانے پر ہوتی ہے۔ ٹھٹہ سے گاڑھو شہر پہنچنے کے بعد پان کے کھیت نظر آنے لگتے ہیں۔ پورے ملک میں پان کی بہترین فصلیں یہیں پر ہوتی ہیں، لیکن پان کی کاشت اور پھر اس کا منڈی تک پہنچنے کا سلسلہ اتنا سیدھا اور سہل بھی نہیں جتنا ہمیں محسوس ہوتا ہے، کیونکہ اس کے کئی مراحل ہیں۔