اینیمیٹڈ فنٹیسی فلم ’فروزن ٹو‘ نے ریلیز ہوتے ہی ریکارڈ بنا ڈالا
فنیٹیسی اینیمیٹڈ سیریز کی پہلی فلم 2013 میں ریلیز ہوئی تھی، سیکوئل کو 22 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا۔
اینیمیٹڈ فنٹیسی فلم ’فروزن ٹو‘ کا ٹریلر سامنے آتے ہی یہ چہ مگوئیاں کی جانے لگی تھیں کہ فلم نہ صرف شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب جائے گی بلکہ یہ نیا ریکارڈ بھی بنانے میں کامیاب ہوگی۔
خیال کیا جا رہا تھا کہ فلم ریلیز کے پہلے ہی دن 70 لاکھ ڈالر سے زیادہ کی کمائی کرکے نیا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوجائے گی، تاہم فلم نے ریلیز کے پہلے دن اندازوں سے کم کمائی کی۔
باکس آفس موجو کے مطابق ’فروزن ٹو‘ نے ریلیز کے پہلے دن 40 لاکھ ڈالر کی کمائی کرکے ’نومبر‘ میں ریلیز ہونے والی اور سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اینیمیٹڈ فلم کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: فلم سے قبل ہی’فروزن ٹو‘ کے ٹریلر کا ریکارڈ
رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر کمائی کے حوالے سے ’فروزن ٹو‘ پہلے ہی دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں چوتھے نمبر پر آگئی، تاہم وہ نومبر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی۔