مصر میں بلیوں، شیروں، مگر مچھوں، سانپوں کی حنوط شدہ لاشیں دریافت
دریافت کیے گئے تابوتوں اور جانوروں کی حنوط شدہ لاشوں کو عوام کے سامنے رکھ دیا گیا۔
دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں شمار کی جانے والی مصری تہذیب سے گزشتہ ماہ اکتوبر میں ماہرین نے ایک صدی بعد انتہائی اچھی حالت میں 30 حنوط شدہ لاشیں دریافت کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
مصر کے آثار قدیمہ کے ماہرین نے دریائے نیل کے کنارے واقع شہر اقصر کے قریب الاساسیف نامی علاقے سے 3 ہزار سال پرانے مرد، خواتین و بچوں کے تابوت اصل حالت میں دریافت کیے تھے۔
دریافت کیے گئے تمام تابوت انتہائی اچھی حالت میں موجود تھے جن سے متعلق خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ قدیم مصری تہذیب کے مذہبی خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد کی حنوط شدہ لاشیں ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: مصر میں 100 برس بعد مزید 30 تابوت دریافت
مذکورہ 30 تابوتوں کے بعد اب مصری حکام نے ایک بار پھر لکڑی اور کانسی کے بنے 75 تابوت اور متعدد جانوروں کی حنوط شدہ لاشیں بھی دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔