ویڈیوز

ورلڈ چیمپیئن باکسر محمد وسیم ٹائٹل جیتنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

وطن واپسی پر محمد وسیم کا شاندار استقبال کیا گیا، اس موقع پر لوگوں نے اس کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

ورلڈ چیمپیئن باکسر محمد وسیم دبئی میں ہونے والی ورلڈ رینکنگ فائٹ میں ٹائٹل جیتنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

دبئی سے اسلام آباد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر محمد وسیم کا شاندار استقبال کیا گیا، جبکہ اس موقع پر لوگوں نے اس کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

وطن واپسی پر ان مداحوں کی جانب سے محمد وسیم کو پھولوں کے ہار بھی پہنائے گئے۔

مزید پڑھیں: باکسنگ: محمد وسیم نے میکسیکو کے لوپیز کو شکست دے دی

واضح رہے کہ سپر فلائی ویٹ کیٹیگری کے مقابلے میں پاکستانی باکسر نے میکسیکو کے گینگان لوپیز کو شکست دے کر یہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔

دبئی میں کھیلا گیا سپر فلائی ویٹ کیٹیگری کا مقابلہ 8 راؤنڈز پر مشتمل تھا جہاں ججز نے محمد وسیم کو 75 کے مقابلےمیں 77 پوائنٹس سے فاتح قرار دیا۔

ورلڈ رینکنگ فائٹ میں محمد وسیم کی اپنے کیریئر میں یہ 10ویں کامیابی تھی، جس سے انہوں نے ایک بار پھر ملک کا نام روشن کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: پروفیشنل باکسنگ: محمد وسیم نے کیریئر کی مسلسل آٹھویں فائٹ جیت لی

اس سے قبل محمد وسیم نے 13 ستمبر 2019 کو دبئی کے میرینہ باکسنگ ہال میں فلائی ویٹ باٹ باکسنگ چیمپیئن شپ میں فلپائنی باکسر کونراڈوسور کو محض 82 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کرکے اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

پروفیشنل پاکستانی باکسر نے چیمپیئن شپ جیتنے کے بعد کامیابی کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کے نام کیا تھا جہاں بھارتی حکومت نے پابندیاں عائد کرتے ہوئے پوری وادی کا لاک ڈاؤں کر رکھا ہے۔

محمد وسیم ایک روز اسلام آباد میں قیام کرنے کے بعد کل پیر کے روز اپنے آبائی شہر کوئٹہ جائیں گے۔