کاپی رائٹس کا خوف: کوک اسٹوڈیو 12 کی پانچویں قسط یوٹیوب پر جاری نہ کی جا سکی
رواں برس اکتوبر میں شروع ہونے والے ’کوک اسٹوڈیو‘ کے 12 ویں سیزن کی پانچویں قسط جاری کردی گئی، تاہم پہلی بار اس میوزیکل شو کا کوئی بھی گانا یوٹیوب پر جاری نہیں کیا جا سکا۔
کوک اسٹوڈیو کی جانب سے پانچویں قسط کا کوئی بھی گانا یوٹیوب پر جاری نہ کیے جانے کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ’کاپی رائٹس‘ کے خوف کی وجہ سے انتظامیہ نے یوٹیوب پر گانے جاری نہیں کیے۔
پانچویں قسط جاری کرنے سے تین دن قبل 21 نومبر کو کوک اسٹوڈیو کی جانب سے چوتھی قسط کا صنم ماروی کا جاری کیا گیا گانا ’حیراں ہوا‘ کو یوٹیوب سے ’کاپی رائٹس‘ کی وجہ سے ہٹایا گیا تھا۔
صنم ماروی کے گانے پر عابدہ پروین نے ’کاپی رائٹس‘ کا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد یوٹیوب سے اسے ہٹایا دیا تھا جب کہ اس سے قبل کوک اسٹوڈیو کے 12 ویں سیزن کے 2 گانوں کو ’کاپی رائٹس‘ کی وجہ سے ہٹایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کوک اسٹوڈیو کو مشکلات کا سامنا، مسلسل تیسرا گانا کاپی رائٹس پر ہٹادیا گیا
کوک اسٹوڈیو 12 کی دوسری قسط کے گانے کے ابرار الحق کے گانے ’بلو‘ اور ریچل وکاجی اور شجاع حیدر کے ’سیاں‘ کو بھی کاپی رائٹس کی وجہ سے ہٹایا گیا تھا۔