عراق: حکومت مخالف احتجاج جاری، فائرنگ سے مزید 4 شہری جاں بحق
عراق میں حکومت مخالف احتجاج مسلسل دوسرے مہینے بھی جاری ہے جہاں سیکیورٹی فورسز سے جھڑپوں کے دوران مزید 4 مظاہرین اپنی جان گنوا بیٹھے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد بغداد سے گزشتہ ماہ شروع ہونے والے مظاہروں میں اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 340 سے تجاوز کرگئی ہے اور ہزاروں افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو پارلیمنٹ ہاؤس، وزیر اعظم آفس، وزرا کے دفاتر اور مرکزی بینک سمیت غیر ملکی سفارت خانوں کی جانب بڑھنے سے روکنے کے لیے ان پر آنسو گیس استعمال کی اور فائرنگ کی جس کے باعث ہلاکتیں ہوئیں اور شہری زخمی بھی ہوگئے۔
میڈیکل ٹیم کے اراکین کا کہنا تھا کہ دو مظاہرین گولی لگنے اور دو آنسو گیس کے کنستر لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔
مزید پڑھیں:اقوامِ متحدہ، آیت اللہ کا عراق سے انتشار کے خاتمے کیلئے اصلاحات کا مطالبہ
انسانی حقوق کی تنظیموں کے عہدیداروں نے سیکیورٹی فورسز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ہوائی فائرنگ کرنے کے بجائے براہ راست لوگوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔