نسیم شاہ نے ٹیسٹ ڈیبیو پر تیز باؤلنگ سے سب کو گرویدہ بنا لیا
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ سے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا ڈیبیو کرنے والے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے اپنی تیز باؤلنگ سے سب کو گرویدہ بنا لیا۔
برسبین میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے 16سالہ نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے ڈیبیو کیا۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ باؤلنگ کوچ وقار یونس نے انہیں ٹیسٹ کیپ دی اور اس موقع پر نسیم اپنی والدہ کو یاد کر کے آبدیدہ ہو گئے جن کا گزشتہ ہفتے ہی انتقال ہوا تھا۔
فاسٹ باؤلر نے اس ڈیبیو کو پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ناکام بنایا جب انہوں نے مچل اسٹارک کو ہیٹ ٹرک سے محروم کردیا۔
نسیم شاہ جب انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی پہلی گیند کھیلنے کے لیے میدان میں اترے تو مچل اسٹارک پاکستان کے یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کو لگاتار گیندوں پر آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک پر تھے لیکن 16سالہ باؤلر نے جیسے تیسے یہ گیند روک کر اسٹارک کو ہیٹ ٹرک کے اعزاز سے محروم کردیا۔
بعدازاں باؤلنگ کا موقع آیا تو اس میں بھی نسیم شاہ نے دنیا کو اپنی قابلیت کے جوہر دکھانے کا موقع نہیں گنوایا۔
کپتان اظہر علی اننگز کے ساتویں اوور کے لیے نسیم شاہ کو باؤلنگ کے لیے لے کر آئے اور ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی ہی گیند 90میل فی گھنٹہ کی رفتار سے کرائی گئی تھی۔