'بدھ کو پیار دینے اور ہفتے کو نفرت کرنے کا شکریہ'
پاکستان کی نامور اور خوبصورت اداکارہ عائزہ خان اس وقت ٹیلی اسکرینز پر دو ڈراموں میں مرکزی کردار نبھارہی ہیں۔
ان میں سے ایک ڈراما 'تھوڑا سا حق' ہے جبکہ دوسرا 'میرے پاس تم ہو' ہے، جو ہفتہ وار نشر کیے جارہے ہیں۔
ان دونوں ڈراموں میں عائزہ خان نے مرکزی کردار نبھایا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں ان دونوں ڈراموں کی کہانی ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہے وہی عائزہ خان بھی دونوں ڈراموں میں 2 بالکل الگ قسم کے کردار نبھاتی نظر آرہی ہیں۔
مزید پڑھیں: عائزہ وہ کردار ادا کرنے جارہی ہیں جو انہوں نے کبھی نہیں کیا
یہ تو سب جانتے ہی ہیں کہ عائزہ خان کا شمار پاکستان کی بہترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے لیکن وہ اپنے ان دونوں ڈراموں کی وجہ سے بھی خاصی پذیرائی حاصل کررہی ہیں۔
اس حوالے سے اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک دلچسپ ٹوئٹ کے ذریعے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
عائزہ خان نے اپنے دونوں کرداروں کی تصویر شیئر کرنے کے ساتھ کہا کہ 'ایک وقت میں دو بالکل مختلف کردار نبھانا آسان نہیں، البتہ مداحوں کا شکریہ جنہوں نے مجھے بدھ کو تھوڑا سا حق کے لیے پیار دیا اور ہفتے کو میرے پاس تم ہو کے لیے نفرت کی'۔
خیال رہے کہ اے آر وائی ڈجیٹل پر نشر ہونے والے ڈرامے 'تھورا سا حق' کی کہانی ایک خاندان کے گرد گھومتی ہے، جس میں بھائیوں کے درمیان ہوئے تنازع کا اثر ان کے بچوں کی زندگی پر بھی پڑ رہا ہے، اس ڈرامے میں عائزہ خان نے ایک غریب لڑکی کا کردار نبھایا ہے جو اپنے والد کے انتقال کے بعد اپنے دونوں تایا کے گھر جاکر رہنا شروع کردیتی ہے۔
عائزہ خان کے چھوٹے تایا اپنے بھائی کی آخری خواہش پوری کرتے ہوئے ان کی شادی اپنے بیٹے سے کروا دیتے ہیں، تاہم اس شادی کے بارے میں اب تک ان کے گھر میں کسی کو کچھ معلوم نہیں ہے۔