برطانوی شہزادے نے کم عمر لڑکیوں سے جنسی تعلقات کے الزامات کو مسترد کردیا
ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم کے چھوٹے بیٹے 66 سالہ شہزادہ اینڈریو (ڈیوک آف یارک) نے خود پر لگے کم عمر لڑکیوں کے ساتھ جنسی تعلقات کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دے دیا۔
شہزادہ اینڈریو کا نام رواں برس 10 اگست کو ’جیفری اپسٹن سیکس اسکینڈل‘ میں سامنے آیا تھا۔
یہ اسکینڈل اس وقت عالمی توجہ کا مرکز بنا جب مذکورہ کیس کے مرکزی ملزم ارب پتی امریکی شخص 69 سالہ جیفری اپسٹن نے نیو یارک کے جیل میں خودکشی کرلی۔
جیفری اپسٹن کو جنسی جرائم کے تحت رواں برس جولائی میں گرفتار کیا گیا تھا اور انہوں نے اپنے خلاف 2 ہزار صفحات پر مشتمل ثبوتوں کو عدالت میں پیش کیے جانے کے بعد اگست میں جیل کے اندر خود کشی کرلی تھی۔
جیفری اپسٹن پر الزام تھا کہ انہوں نے کئی سال تک کم عمر لڑکیوں سمیت درجنوں خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے سمیت انہیں نہ صرف جنسی غلام بنائے رکھا بلکہ انہیں اپنے دوستوں اور مہمانوں کی جنسی خواہشات کی تکمیل کے لیے بھی استعمال کیا۔