Live JUI Azadi March
پلان بی: پشاور ہائیکورٹ نے فضل الرحمٰن،دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیا
جے یو آئی (ف) نے عدالت میں کہا تھا کہ وہ پرامن رہے گی، اب وہ پرامن رہنے کی بات پر عمل کرے، عدالت
پشاور ہائی کورٹ نے جمعیت علمائے اسلام(ف) کی جانب سے شاہراہیں بند کرنے کے خلاف دائر درخواست پر مولانا فضل الرحمٰن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔
شاہراہیں بند کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ جے یو آئی (ف) نے عدالت میں کہا تھا کہ وہ پرامن رہے گی، اب وہ پرامن رہنے کی بات پر عمل کرے۔
درخواست گزار کا موقف تھا کہ سڑکیں بند کرنا شہریوں کی بنیادی و آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے لہٰذا جے یو آئی (ف) کو سڑکیں بند کرنے سے روکا جائے۔
عدالت نے سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی۔