ٹیلر سوئفٹ پر اپنے ہی پرانے گانوں پر پرفارم کرنے پر پابندی
ٹیلر سوئفٹ کا شمار صرف امریکا میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں بہترین گلوکارہ کے طور پر کیا جاتا ہے۔
گلوکارہ بہت جلد امریکن میوزک ایوارڈز میں پرفارم کرنے والی ہیں اور اس پرفارمنس کے لیے انہوں نے اپنے ماضی کے تمام ہٹ گانے گانے کا ارادہ کیا تھا۔
اس کے ساتھ ساتھ ٹیلر سوئفٹ کی زندگی پر نیٹ فلکس کی ایک ڈاکیومنٹری بھی بننے جارہی ہے، تاہم حال ہی میں سامنے آئی رپورٹس کے مطابق گلوکارہ کی پرفارمنس اور ان کی یہ ڈاکیومنٹری دونوں ہی خطرے میں پڑ چکی ہیں۔
دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کو اپنے ماضی میں ریلیز ہوئے تمام گانوں پر اب پرفارم کرنے کی اجازت نہیں جس کی وجہ ان کا میوزک مینجرز اسکوٹر براؤن اور اسکاٹ بورچیٹ کے ساتھ سامنے آنے والا تنازع ہے۔
گلوکارہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مداحوں سے بھی شیئر کیا کہ اسکوٹر براؤن اور اسکاٹ بورچیٹ کو ان کے ماضی میں سامنے آئے تمام البمز کے حقوق حاصل ہیں، جنہوں نے اب گلوکارہ پر ان تمام گانوں کو پرفارم کرنے پر پابندی عائد کردی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کی جلد منعقد ہونے والے امریکن میوزک ایوارڈز کی پرفارمنس بھی مشکل میں پڑ چکی ہے۔
امریکن میوزک ایوارڈز کے دوران گلوکارہ کو صدی کی بہترین فنکارہ کا ایوارڈ بھی دیا جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔