لائف اسٹائل

آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز پر ریپ کا الزام

فرانسیسی اداکارہ نے رومن پولانسکی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ فلم ساز نے انہیں 18 سال کی عمر میں ریپ کا نشانہ بنایا۔

فرانس کی سابق اداکارہ ویلنٹائن مونیئر نے الزام عائد کیا ہے کہ مشہور فلمساز رومن پولانسکی نے 1970 میں ان پر جنسی تشدد اور ریپ کیا۔

ویلنٹائن مونیئر نے کئی سال قبل اداکاری کو خیرباد کہہ دیا تھا اور اب وہ فوٹوگرافر کے طور پر کام کررہی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ویلنٹائن مونیئر نے رومن پولانسکی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ فلم ساز نے انہیں 1975 میں اپنے بنگلے میں ریپ اور جنسی تشدد کا نشانہ بنایا، اس وقت وہ صرف 18 برس کی تھیں۔

اپنے کھلے خط میں سابق اداکارہ نے لکھا کہ رومن نے انہیں زبردستی ایک دوا کھلانے کی کوشش کی اور جنسی تشدد بھی کیا، اس کے کچھ دیر بعد ہی آنسو بہاتے ہوئے معافی مانگی اور وعدہ لیا کہ وہ کبھی کسی کو اس واقعے کے بارے میں نہیں بتائیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'مجھے لگا میں شاید مرنے والی ہوں'۔

مزید پڑھیں: نامور فرانسیسی اداکارہ کا ہدایت کار پر جنسی ہراسانی کا الزام

ویلنٹائن نے مزید بتایا کہ 'وہ مجھے اس وقت تک مارتے رہے جب تک میں ہمت نہ ہار گئی، اس کے بعد انہوں نے میرا ریپ کیا'۔

دوسری جانب 86 سالہ فلم ساز رومن پولانسکی نے ان تمام الزامات کو بے بنیاد ٹھہراتے ہوئے سابق اداکارہ کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی دھمکی دے دی۔

اداکارہ نے 39 سال قبل ہونے والے واقعے کا ذکر کیا—فوٹو: انسٹاگرام

آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز کے وکیل کے مطابق رومن ریپ کے ان الزامات پر سخت ترین ایکشن لیں گے۔

رومن پولانسکی پر 1978 میں ایک تیرہ سالہ لڑکی سے غیر قانونی جنسی تعلق قائم کرنےکا الزام بھی عائد کیا گیا تھا لیکن وہ سزا سنائے جانے سے قبل ہی امریکا چھوڑ کر فرانس چلے گئے تھے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ فرانسیسی اداکارہ اڈیل ہینیل نے بھی می ٹو مہم کا حصہ بنتے ہوئے نامور ہدایت کار کرسٹوف روجیا پر نوجوانی میں جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پوری فرانس کی فلمی دنیا کو حیران کردیا تھا۔

اس وقت اداکارہ نے کہا تھا کہ ان کے اس انکشاف کے بعد فرانس سے تعلق رکھنے والی مزید اداکارائیں بھی سامنے آکر اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو دنیا کے سامنے لائیں گی۔

سابق اداکارہ ویلنٹائن مونیئر کا سپورٹ کرتے ہوئے اڈیل ہینیل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 'میں ویلنٹائن کا سپورٹ کرتی ہوں اور ہر حال میں ان کا ساتھ دوں گی، وہ سچ کہہ رہی ہیں اور مجھے ان پر یقین ہے، چاہے سامنے والا کتنا بھی طاقتور کیوں نہ ہو سچ کی جیت ہوگی'۔