سنی دیول کی بھی کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت
بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر کرتارپور راہداری کا افتتاح کیا گیا جس میں پاکستان کی اہم سیاسی و سماجی شخصیات سمیت بھارت کی بھی اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب شروع ہونے سے قبل ہی پاکستان کی خصوصی دعوت پر بھارت کے سابق وزیراعظم من موہن سنگھ سمیت دیگر بھارتی اہم سیاسی، سماجی و شوبز شخصیات کرتارپور راہداری کے ذریعے شرکت کے لیے پہنچیں۔
سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کرتارپور راہدرای کے ذریعے پاکستان آنے والے پہلے جتھے کی قیادت کی۔
ان کے علاوہ بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امرندر سنگھ، سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو اور بولی وڈ اداکار سنی دیول بھی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔
سنی دیول کا تعلق اگرچہ شوبز انڈسٹری سے ہے، تاہم وہ بطور سیاسی رہنما تقریب میں شریک ہوئے، وہ اس وقت حکمران جماعت جماعت ’بھارتی جنتا پارٹی‘ (بی جےپی) کے رکن اسمبلی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا افتتاح کردیا
جہاں سنی دیول کا تعلق بی جے پی سے ہے، وہیں وہ سکھ خاندان سے بھی تعلق رکھتے ہیں اور وہ عام طور پر فلموں میں بھی سکھوں کے کردار نبھاتے دکھائی دیتے ہیں۔