خیبر پختونخوا میں پولیو کے 2 نئے کیسز سامنے آگئے
پولیو کے نئے کیسز لکی مروت سے رپورٹ ہوئے جہاں وائرس کا شکار ہونے والے بچوں کی عمریں 15 سے 22 ماہ کے درمیان ہیں، ای او سی
خیبرپختونخوا میں پولیو کے مزید 2 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں رواں سال 10 ماہ کے دوران پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 61 تک پہنچ گئی۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) خیبر پختونخوا کے مطابق پولیو کے نئے کیسز لکی مروت سے رپورٹ ہوئے جہاں وائرس کا شکار ہونے والے بچوں کی عمریں 15 سے 22 ماہ کے درمیان ہیں۔
نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں رواں سال پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 82 تک جاپہنچی ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبر پختونخوا سے رپورٹ کیے گئے 61 کیسز میں سے 23 ضلع بنوں سے، ضلع لکی مروت سے 14، ضلع شمالی وزیرستان سے 8، ضلع تورغر سے 7، ضلع ہنگو سے 2 جبکہ چارسدہ، ڈیرہ اسمٰعیل خان، شانگلہ، باجوڑ، خیبر اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع سے ایک، ایک کیسز رپورٹ کیے گئے۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں پولیو کے مزید 2 کیسز سامنے آگئے، تعداد 59 ہوگئی