جنوبی وزیرستان: ڈاکو لاکھوں روپے مالیت کے چلغوزے لے کر فرار
صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو لاکھوں مالیت کی چلغوزے کی 23 بوریاں لے کر فرار ہوگئے۔
گودام کے مالک و تاجروں نے موقف اپنایا کہ مسلح نقاب پوش افراد رات 11 بجے گودام کی دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے اور وہاں موجود چوکیدار اور دوسرے افراد کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر نقدی اور موبائل فون چھین لیے۔
تاجروں کے مطابق مسلح افراد ایک ڈبل کیبن میں آئے تھے اور وہ گودام سے چلغوزے کی 23 بوریاں لے کر فرار ہوگئے۔
مزید پڑھیں: مُٹھی بھر چلغوزے اور گیس کا بل
مذکورہ تاجروں نے دعویٰ کیا کہ لوٹے گئے چلغوزے کی مالیت ایک کروڑ 20 لاکھ روپے بنتی ہے۔
اس واقعے کے بعد تاجروں نے پولیس سے رابطہ کرکے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی، ساتھ ہی انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ڈاکووں کو گرفتار نہ کیا گیا تو وانا بائی پاس روڈ کو بند کردیا جائے گا۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) جنوبی وزیرستان عتیق اللہ خان نے ڈان کو بتایا کہ وانا پولیس اسٹیشن میں واقعے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرلی گئی اور اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چلغوزے کے حیرت انگیز فوائد
انہوں نے تصدیق کی کہ چلغوزے کی 23 بوریاں غائب ہیں جبکہ ہر بوری کا وزن 40 کلو تھا۔
واضح رہے کہ خشک میوہ جات میں شمار ہونا والا چلغوزہ پاکستان میں بہت مہنگا ہے اور اگر مقامی مارکیٹ میں اس کی قیمت کو دیکھا جائے تو اعلیٰ معیار کا چلغوزہ 8 ہزار روپے فی کلو ہے۔
اس حساب سے اگر پولیس کی بتائی گئی تعداد کا اندازہ لگائیں تب بھی ان چلغوزوں کی مالیات 73 لاکھ 60 ہزار روپے بنتی ہے۔