ماہرہ خان اقوام متحدہ کی ’مہاجرین‘ کی خیرسگالی سفیر مقرر
اقوام متحدہ (یو این) کے مہاجرین سے متعلق ذیلی ادارے ’یونائنٹڈ نیشنز ہائی کمشنر فار رفیوجیز‘ (یو این ایچ سی آر) نے پاکستان کی ’سپر اسٹار‘ اداکارہ ماہرہ خان کو اپنا خیر سگالی سفیر مقرر کرلیا۔
یو این ایچ سی آر نے اپنی ٹوئٹ کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی کہ ماہرہ خان کو ’سفیر برائے خیر سگالی‘ کی ذمہ داریاں دے دی گئیں۔
اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیم نے اداکارہ کو اپنا خیر سگالی سفیر بنائے جانے پر خوشی کا اظہار بھی کیا اور ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ اداکارہ ادارے کا مقصد اچھے انداز میں پیش کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان افغان پناہ گزین بچوں سے فارسی سیکھنے کی خواہاں
ماہرہ خان نے بھی یو این ایچ سی آر کی ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے نے انہیں ذمہ داریاں سونپیں۔
ماہرہ خان نے اقوام متحدہ کے مہاجرین سے متعلق ادارے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اس بات پر بھی فخر کیا کہ وہ ایک ایسے ملک میں پیدا ہوئیں جو گزشتہ 40 سال سے دنیا بھر کے مہاجرین کی مہمان نوازی کر رہا ہے۔
اداکارہ نے ٹوئٹ پر مختصر ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وہ پاکستان میں موجود افغانستان سمیت دیگر ممالک کے مہاجرین کے ساتھ اچھا وقت گزارتی دکھائی دے رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: ماہرہ سے ملنے والے افغان پناہ گزین بچے ورون دھون بننے کے خواہاں
ویڈیو کے دوران بھی ماہرہ خان نے دنیا بھر کے مہاجرین کے لیے خدمات سر انجام دینے پر پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور ساتھ ہی اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے کام کو بھی سراہا۔