لاہور میں اسموگ سے معمولات زندگی متاثر، سرکاری و نجی اسکولز بند
لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں فضا کے معیار کا انڈیکس حد سے بڑھنے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے، لوگوں کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ شہر میں سرکاری و نجی اسکولز بھی بند ہیں۔
واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اسموگ کی وجہ سے اسکولوں کو بند کیا گیا۔
اس حوالے سے ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بدھ کی رات میں لاہور کا ایئرکوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 200 سے کم ہو کر 500 سے بڑھ گیا تھا۔
مزید پڑھیں: لاہور میں اسموگ کی اصل وجہ کیا؟
اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹوئٹ کی کہ 'اسموگ میں اچانک اضافے کے باعث لاہور میں تمام اسکولز جمعرات کو بند رہیں گے'۔
ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ 'ہم لاہور کی اسموگ کی صورتحال کو قریب سے دیکھ رہے ہیں، انتظامیہ ہائی الرٹ ہے اور انہیں یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فصلوں کو جلانے اور دیگر عوامل جو اسموگ کی وجہ بن رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کریں'۔
ادھر لاہور یو ایس قونصلیٹ ایئرکوالٹی مانیٹر فیڈ کے مطابق بدھ کی رات 10 بجے اسموگ کی سطح خطرناک تھی اور لاہور کا اے کیو آئی 2.5 سے 580 پی ایم تھا۔