دنیا

جوتوں میں 2 کلو سونا چھپا کر بیرون ملک جانے والی خاتون گرفتار

روسی خاتون کو مشتبہ انداز میں چلتے ہوئے دیکھاگیا، جس پران کی تلاشی لی گئی اورجوتوں سے کروڑوں روپےمالیت کاسونا برآمدہوا۔

روس کی سرحد پر تعینات کسٹم حکام نے ایک خاتون کو گرفتار کرلیا جن کے جوتے سے 2 کلو سونا برآمد ہوا ہے۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ خاتون جوتوں میں سونا چھپا کر بیرون ملک سمگل کرنے کی کوشش کررہی تھی جب حکام نے ان کو گرفتار کیا۔

مزید پڑھیں: بھارت: ایئرپورٹ پر 5 افغان گرفتار، پیٹ سے 32 کروڑ روپے کی ہیروئن برآمد

کسٹم کی ترجمان مارینا بیوکو کا کہنا تھا کہ خاتون کی عجیب چال کو دیکھ کر حکام کو ان پر شک ہوا جس کے بعد دھات کی اشیا کا پتہ لگانے کے لیے استعمال کیے جانے والے آلے 'میٹل ڈیٹیکٹر' کی مدد سے ان کی تلاشی لی گئی، جس کے بعد معلوم ہوا کہ خاتون نے اپنے جوتوں میں سونے کے آٹھ بسکٹ چھپا رکھے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خاتون نے تقریباً 2 کلو سونا چھپایا ہوا تھے، جس کی مالیت 78 ہزار 650 ڈالر (12 کروڑ 34 لاکھ 5 ہزار 218 پاکستانی روپے) بنتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ‘منی لانڈرز،منشیات اسمگلرز کے لیے دبئی ایک جنت’

ان کے مطابق گرفتار ہونے والی خاتون کسی چینی شہری کے لیے سونا اسمگل کررہی تھی تاہم اس معاملے کی مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق رواں سال متعدد افراد کو چین سے سونا بیرون ملک سمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار ہونے والوں میں ایک ایسا شخص بھی تھا جس نے سونے کے دس بسکٹ اپنے جوتوں میں چھپا رکھے تھے۔