’شرم کرو عثمان ڈار‘ کا ہیش ٹیگ کیوں ٹرینڈ کررہا ہے؟
اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار ایک ٹیلی ویژن پروگرام میں کہے گئے ’تضحیک آمیز‘ الفاظ کے سبب شدید تنقید کی زد میں آگئے۔
پروگرام میں پشتون قومیت کو طنز کا نشانہ بنانے کے سبب سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نامور شخصیات سمیت متعدد صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
خیال رہے کہ 4 نومبر کو ایکسپریس ٹی وی پر پروگرام ٹو دی پوائنٹ میں اینکر منصور علی خان نے آزادی مارچ کے شرکا کے مطالبات کے بارے میں سوال کیا کہ حکومت مظاہرین کو مطمئن کرنے کے لیے انہیں کیا دے گی؟
جس پر عثمان ڈار نے کہا کہ ’ان کےساتھ بھی وہی ہوگا جس طرح گلی میں آئے پٹھان 500 والا کمبل 50 روپے میں دے کر چلے جاتے ہیں‘۔
یہ بھی پڑھیں: خواتین سے متعلق تضحیک آمیز بیان: رانا ثناء اللہ نے معافی مانگ لی
مذکورہ بیان پر مسلم لیگ (ن) کی رکنِ صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے ان کے اس بیان کی مذمت کی اور انہیں ایک قومیت پر طنز کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔