پاکستان میں ڈینگی کے پھیلاؤ نے نیا ریکارڈ قائم کردیا
اسلام آباد: ملک میں ڈینگی کے پھیلاؤ نے نئے ریکارڈ قائم کردیے اور رواں سال کے دوران اب تک تقریباً 44 ہزار افراد اس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 66 افراد مچھروں سے پھیلنے والی اس بیماری کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سال 2011 میں 27 ہزار افراد اس وبا سے متاثر ہوئے تھے لیکن اموات کی تعداد رواں برس کے مقابلے 6 گنا زائد تھی یعنی اس بیماری کے سبب 370 افراد کی وفات ہوئی۔
ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ادارہ برائے صحت کے ڈیزیز سرویلنس ڈویژن کے سربراہ ڈاکٹر رانا صفدر کا کہنا تھا کہ رواں سال کے دوران دنیا بھر میں ڈینگی کے کیسز غیر معمولی تعداد میں رپورٹ ہوئے اور دعویٰ کیا کہ پاکستان کی کارکردگی دیگر ممالک کے مقابلے میں بہتر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں ڈینگی کی صورتحال تشویشناک
انہوں نے کہا کہ امریکا کی ریاست اٹلانٹا میں حال ہی میں ہونے والے اجلاس میں ڈینگی کے پھیلاؤ کے بارے میں بات چیت کی گئی جس میں دیگر ممالک کے نمائندوں نے نہ صرف پاکستانی حکومت کی کارکردگی کو سراہا بلکہ ملک میں اس بیماری کی روک تھام کے تجربے کو دستاویزی شکل دینے کی درخواست بھی کی۔