کتھک ڈانسر شیما کرمانی کی زندگی پر بنی دستاویزی فلم کے لیے عالمی اعزاز
پاکستان کی معروف اور پہلی خاتون کتھک ڈانسر شیما کرمانی کی زندگی پر بنائی گئی مختصر دوانیے کی دستاویزی فلم نے کینیڈیا کے شہر’مونٹریال‘ میں ہونے والے فلمی فیسٹیول میں ایوارڈ حاصل کرلیا۔
شیما کرمانی کی زندگی پر بنائی گئی ڈاکیومینٹری فلم ’ود بیلز آف ہر فیٹ‘ کی ہدایات تیمور رحیم نے دی ہیں جب کہ وحید علی نے بطور ایسوسی ایٹ پروڈیوسر خدمات سر انجام دیں۔
مختصر دورانیے فلم کو سب سے پہلے 2018 میں جاری کیا گیا تھا، تاہم اسے صرف فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا ہے جب کہ آئندہ سال تک اسے آن لائن ریلیز کردیا جائے گا۔
دستاویزی فلم میں شیما کرمانی کے کیریئر اور انہیں ایک تنگ معاشرے میں بطور خاتون ڈانسر پیش آنے والی مشکلات کو دکھایا گیا ہے۔
فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر میں جہاں شیما کرمانی کو ڈانس کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، وہیں وہ پس پردہ اپنی آواز میں اپنی ہی زندگی کی کہانی بھی سنائی دیتی ہیں۔