سپر ہٹ ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' کو 4 ہدایت کاروں نے کیوں ٹھکرایا؟
پاکستان کے نامور اداکار ہمایوں سعید، عائزہ خان اور عدنان صدیقی کا ڈراما 'میرے پاس تم ہو' اس وقت سوشل میڈیا پر بےحد مقبول ہورہا ہے۔
اس کی ہر قسط کو یوٹیوب پر لاکھوں کی تعداد میں ویوز مل رہے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر بھی مداح کہانی کے ساتھ ساتھ اداکاروں کی اداکاری کو خوب سراہا رہے ہیں۔
'میرے پاس تم ہو' کی ہدایات ندیم بیگ دے رہے ہیں، جبکہ اس کی کہانی خلیل الرحمٰن قمر نے تحریر کی۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس کامیاب ڈرامے کی ڈائیریکشن کی آفر ندیم بیگ سے قبل 4 اور ہدایت کاروں کو دی گئی تھی تاہم ان چاروں نے ہی خلیل الرحمٰن قمر کی اس کہانی کو بیزار کن ٹھہراتے ہوئے ڈرامے کی ڈائیریکشن کرنے سے انکار کردیا تھا۔
اس بات کا انکشاف ڈرامے کے مرکزی اداکار ہمایوں سعید نے ایک انٹرویو میں کیا، جہاں وہ احسن خان کو اس ڈرامے کے حوالے سے کئی دلچسپ باتیں بتاتے نظر آئے۔
ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس ڈرامے کا اسکرپٹ 6 سال قبل پڑھا تھا اور پڑھتے ہی انہیں یقین ہوگیا کہ یہ ایک بہترین اسکرپٹ تھا جو یقیناً کامیاب ثابت ہوگا۔