دنیا

ترکی نے ابوبکر البغدادی کی بہن کو گرفتار کرلیا

65 سالہ راسمیہ کو اعزاز کے قریب ایک چھاپے میں حراست میں لیا گیا، تنظیم سے متعلق اہم معلومات ملنے کا امکان ہے،ترک عہدیدار

ترکی نے کالعدم عسکریت پسند گروہ دولت اسلامیہ (داعش) کے ہلاک ہونے والے سربراہ ابوبکر البغدادی کی بہن کو شمالی شام سے گرفتار کرلیا۔

خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک سینئر ترک عہدیدار نے بتایا کہ ترکی نے پیر کو شمالی شام کے شہر اعزاز میں ابوبکر البغدادی کی بہن کو گرفتار کیا۔

مزید پڑھیں: داعش نے سربراہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کردی

انہوں نے بتایا کہ گرفتار ہونے والوں میں ابوبکر البغدادی کی بہن، ان کے شوہر اور بہو شامل ہیں جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

عہدیدار نے سرحد کے قریب واقع ترکی کے زیر کنٹرول شامی شہر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 65 سالہ راسمیہ کو اعزاز کے قریب ایک چھاپے میں حراست میں لیا گیا، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ راسمیہ کے ہمراہ 5 بچے بھی تھے۔

عہدیدار نے بتایا ’ہمیں امید ہے کہ داعش کے اندرونی کاموں پر ابوبکر بغدادی کی بہن سے اہم معلومات حاصل کی جاسکیں گی‘۔

دوسری جانب آزاد ذرائع سے ابوبکرالبغدادی کی بہن کی گرفتاری کے بارے میں تصدیق نہیں ہوسکی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا نے ابوبکر البغدادی پر حملے کی ویڈیو جاری کردی

واضح رہے کہ 27 اکتوبر کو امریکا نے کالعدم داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا اور 3 دن بعد حملے کی ویڈیو بھی جاری کی تھی۔

بعدازاں داعش کی جانب سے ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی اور ساتھ ہی تنظیم کے نئے سربراہ ابو ابراہیم الہاشمی القریشی کا اعلان کردیا تھا۔

داعش کی جانب سے جاری آڈیو بیان میں کہا گیا تھا کہ ’ اے وفادار کمانڈر ہم آپ کی موت پر افسردہ ہیں‘۔

واضح رہے کہ ابو بکر البغدادی نے 2014 سے داعش کی قیادت کی تھی اور وہ دنیا کے سب سے مطلوب ترین اشخاص میں سے ایک تھے۔

ادھر ابوبکرالبغدادی کی بہن کی گرفتاری سے متعلق ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے کمیونیکشن ڈائریکٹر فرحتین التون نے کہا کہ خاتون کی گرفتاری ترکی کے داعش کے خلاف لڑنے کے عزم کا ثبوت ہے۔

مزیدپڑھیں: ایک مرتبہ پھر داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کا دعویٰ

انہوں نے کہا کہ ’ابوبکر البغدادی کی بہن کی گرفتاری ہماری انسداد دہشت گردی کارروائیوں کی کامیابی کی ایک اور مثال ہے‘۔

فرحتین التون نے داعش کے لیے ایک اور نام استعمال کرتے ہوئے لکھا ’داعش کے خلاف ہمارے عزم پر شکوک و شبہات پیدا کرنے کے لیے ترکی کے خلاف بہت بڑا پراپیگنڈا کیا جارہا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: داعش سربراہ ابوبکر بغدادی کا نائب امریکی حملے میں ہلاک

ان کا کہنا تھا کہ ’انسداد دہشت گردی کے خلاف ہمارے اور ہمارے شراکت داروں کے ساتھ مضبوط تعاون پر کبھی بھی شک نہیں کیا جا سکتا‘۔

واضح رہے کہ ابوبکر البغدادی کے بعد بننے والے نئے سربراہ ابوابراہیم الہاشمی القریشی کے بارے میں بہت کم معلومات ہیں، تاہم ماضی میں متعدد مرتبہ جب ابوبکر البغدادی کے قتل کی اطلاع سامنے آئی تھی تو ان کا ممکنہ جانشین کے طور پر ذکر کیا گیا تھا۔