افسانہ : تیسرے پہر کا خواب
اسے محبت ہوئی تو یوں محسوس ہوا کہ یہی وہ کیفیت تھی جس کی تلاش میں وہ مدتوں مارا مارا پھرتا رہا۔ پھر ایک شام وہ لڑکی جو اس کی سچی محبت تھی اسے یہ کہہ کر کسی اور کی محبت میں گرفتار ہوگئی کہ وہ ایک بالکل بکواس نوجوان ہے۔
آدمی کی بکواسیت کا تعلق اس کی معیشت سے ہوتا ہے۔ یہ بات بالکل عجیب تھی لیکن وہ اپنی خالی جیب کو کیسے بھر سکتا تھا؟ زندہ رہنے کے لیے کام کرنا پڑتا ہے اور کام ملنے کے لیے سفارش چاہیے تھی جو اس کے پاس نہیں تھی۔ کوئی بھی ذریعہ نہیں تھا سوائے خواب دیکھنے کے سو وہ خواب دیکھتا رہا۔ اسے خواب دیکھنے کا بہت شوق تھا وہ سوچتا کہ یہ کیسا انوکھا کام ہے کہ آدمی جب سوتا ہے تو کسی اور جہان میں چلا جاتا ہے۔ پھر ایک شب اس نے 3 خواب دیکھے۔
تیسرے خواب میں اس نے دیکھا کہ چاند بادلوں کی اوٹ میں چھپ گیا اور ہر طرف مکمل اندھیرا چھا گیا تھا۔ دوسرا خواب زمین پر ایک ایسے بھوکے آدمی کا تھا جو اپنے پیٹ سے انتڑیاں نکال کر نچوڑ رہا تھا۔ وہ جاگا تو اس نے دیکھا کہ اس نے اپنا پیٹ پکڑ رکھا ہے۔