چوہدری برادران کی فضل الرحمٰن سے ملاقات،'حکومت اور اپوزیشن میں کوئی ڈیڈلاک نہیں'
جمعیت علمائے اسلام (ف) سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل رہبر کمیٹی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کمیٹی کے مذاکرات کے بعد پاکستان مسلم لیگ(ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکومتی و اپوزیشن کمیٹیوں کی ملاقات کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین کے ہمراہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی بھی موجود تھے جو خاص طور پر لاہور سے اسلام آباد آئے تھے۔
اس ملاقات کے بعد اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے چیئرمین اکرم درانی اور چوہدری پرویز الٰہی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور ملاقات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
صحافیوں سے گفتگو میں چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ مفاہمت کے لیے یہاں آئے ہیں، امید ہے معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو گا۔
مزید پڑھیں: پہلے قدم میں کامیاب ہوئے ہیں، دوبارہ ملاقات ہوگی، مذاکراتی کمیٹیاں
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنے مطالبات پیش کردیے ہیں جن پر تبادلہ خیال کے لیے وزیراعظم عمران خان نے مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی مسئلے کا حل اچھا ماحول پیدا کرنا ہے، ہر ممکن کوشش ہے کہ ماحول میں بہتری آئے۔