پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کے انتخاب کے طریقہ کار کی تفصیلات جاری
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے ڈرافٹ کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کی تفصیلات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پہلے کھلاڑی کا انتخاب کرے گی۔
ڈرافٹ کے پہلے راؤنڈ کے لیے پک آرڈر کے فیصلہ کرنے کے لیے اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تقریب منعقد کی گئی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) احسان مانی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان، چھ فرنچائزز اور بلٹز ایڈورٹائزنگ کے نمائندگان نے شرکت کی۔
ڈرافٹ کے پہلے راؤنڈ کا پک آرڈر طے کرنے کے لیے بیٹ رکھ کر باری لگانے کے روایتی طریقہ کار کا انتخاب کیا گیا، یہ طریقہ کار مقامی سطح پر گلی محلوں کی کرکٹ میں انتہائی مقبول ہے۔
طریقہ کار کے مطابق دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی پہلی، لاہور قلندرز کی دوسری، ملتان سلطانز تیسری، دومرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ چوتھی، پشاورزلمی پانچویں اور کراچی کنگز کو چھٹی باری ملے گی۔
خصوصی طور پر تیار کیے گئے ماڈل سے باقی ماندہ 17 راؤنڈز کے لیے پک آرڈر کی ترتیب پیر کو طے کی گئی جس کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔