یہ سفر اپنے مقصد کے حصول تک جاری رہے گا، مولانا فضل الرحمٰن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ہم یہاں سے جائیں گے تو پیش رفت کی صورت میں جائیں گے اور آگے بڑھ کر اس سے سخت حملہ کرنے کی طرف جائیں گے اور حکمرانوں کو بتائیں گے کہ آج ایک اسلام آباد بند ہے آگے پورا پاکستان بند کرکے دکھا دیں گے۔
اسلام آباد میں آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ 'ایک بات میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ اس اجتماع کے بعد یہ مطلب نہیں کہ ہمارا سفر رک گیا، آج کئی صحافی حضرات سے بات ہوئی، انہوں نے پوچھا کہ آپ یہاں سے واپس جائیں گے وہ اس کو پسپائی سے تعبیر کیا'۔
انہوں نے کہا کہ یہ سفر اب رکے گا نہیں اور یہ سیلاب رکے گا نہیں بلکہ اپنے مقصد کے حصول تک جاری رہے گا۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ 'مسئلہ ایک شخص کے استعفے کا نہیں ہے مسئلہ اس قوم کے امانت کا ہے، عوام کے ووٹ کی امانت کا ہے اور عوام یہاں آکر اپنی امانت واپس حاصل کرنے کی جنگ لڑرہے ہیں اور جب حزب اختلاف کی تمام جماعتوں کا ووٹ اکٹھا کیا جائے تو اس دھاندلی کے باوجود حکومتی بینچوں پر بیٹھے لوگوں سے پھر بھی زیادہ یہ ووٹ ہیں'۔