کولمبیا میں پہلی ہم جنس پرست خاتون میئر منتخب
49 سالہ خاتون کا تعلق متوسط طبقے سے ہے، انہوں نے سیاست میں آنے سے قبل گھریلو ملازمہ کی نوکری بھی کی۔
جنوبی امریکا کے ملک کولمبیا کے دارالحکومت بگوٹا میں پہلی مرتبہ ایک ہم جنس پرست خاتون کو میئر منتخب کیا گیا ہے۔
بگوٹا کا شمار دنیا کے بڑی آبادی والے شہروں میں ہوتا ہے اور عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ جو سیاستدان اس شہر کا میئر بنتا ہے وہ مستقبل میں ملک کی حکومت کے سربراہ یعنی صدر بننے کے لیے سب سے پسندیدہ شخص بن جاتا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق کولمبیا کے دارالحکومت بگوٹا کی تاریخ میں پہلی بار ہم جنس پرست خاتون 49 سالہ کلادیا لوپیز میئر منتخب ہوئی ہیں۔
کلادیا لوپیز گزشتہ برس ہونے والے عام صدارتی انتخابات میں نائب صدر کی امیدوار بھی تھیں اور اس سے قبل وہ سینیٹر بھی رہ چکی ہیں۔