لائف اسٹائل

لیڈی گاگا ’قاتل بیوی‘ بننے کو تیار

بولڈ لباس میں پرفارمنس کرکے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ امیر ترین قاتل خاتون کا روپ دھاریں گی۔

متنازع اور انتہائی بولڈ لباس پہن کر پرفارمنس کرنے والی امریکی پاپ گلوکارہ، موسیقار و اداکارہ لیڈی گاگا کی گزشتہ برس پہلی فلم ’اے اسٹار از بارن‘ ریلیز ہوئی تھی۔

اسی فلم میں شاندار اداکاری دکھانے پرانہیں آسکر ایوارڈ کے لیے بہترین اداکارہ کے لیے بھی منتخب کیا گیا تھا جب کہ ان کی یہی فلم ’اوریجنل سانگ‘ کی کیٹیگری میں ایوارڈ لے اڑی تھی۔

’اے اسٹار از بارن‘ میں انہوں نے ایک گلوکارہ کا کردار ادا کیا تھا۔

یہ فلم 1937 میں بننے والی امریکی فلم کا آفیشل ریمیک تھی، اس سے زیادہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ اس کا پہلا ریمیک 1976 میں بنایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: متنازع لباس پہن کر گلوکاری کرنے والی لیڈی گاگا کی پہلی فلم

فلم کو گزشتہ ماہ اکتوبر میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی تھی، فلم میں گلوکارہ کو ساتھی گلوکار کے ساتھ رومانس کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

لیڈی گاگا کی فلم گزشتہ برس اے اسٹار از بارن ریلیز ہوئی تھی—فوٹو: دی انڈیپینڈنٹ

لیکن اب خبر سامنے آئی ہےکہ لیڈی گاگا جلد ہی ایک تھرلر فلم میں ’قاتل بیوی‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

جی ہاں، خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق جلد ہی لیڈی گاگا اٹلی کے معروف فیشن ہاؤس ’گوچی‘ کے سابق سربراہ موریزیو گوچی کی قاتل بیوی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

مزید پڑھیں: لیڈی گاگا نے 90 دن بعد منگنی ختم کرلی

خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں مختلف امریکی شوبز ویب سائٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ لیڈی گاگا فلم میں ’گوچی‘ کے سابق سربراہ موریزیو گوچی کی اہلیہ پیٹریزا رگیانی کا کردار ادا کریں گی۔

فلم کی ہدایات معروف برطانوی فلم ساز ریڈلی اسکاٹ دیں گے۔

گوچی کے سابق مالک کی قاتل بیوی 2016 میں جیل سے آزاد ہوئی تھیں—فوٹو: اے ایف پی

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم اٹلی کے فیشن ہاؤس ’گوچی‘ کے سابق مقتول سربراہ کا کردار کون ادا کرے گا اور نہ ہی فلم کی شوٹنگ کے حوالے سے تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔

فلم کے نام کا اعلان بھی نہیں کیا گیا اور نہ ہی فلم کی دیگر کاسٹ سے متعلق کوئی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں برس کے آخر تک فلم کا نام، اس کے ریلیز کرنے کی تاریخ اور دیگر کاسٹ کا اعلان کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ’گوچی‘ کے سابق سربراہ موریزو گوچی کو ان کی اہلیہ پیٹریزا رگیانی نے 1995 میں کرائے کے قاتل سے قتل کروایا تھا۔

خاتون نے اپنے شوہر کو طلاق کے تین سال بعد قتل کروایا تھا اور قتل کے 2 سال بعد انہیں پولیس نے گرفتار کرکے ان کے خلاف قتل کا مقدمہ چلایا تھا۔

لیڈی گاگا کی یہ دوسری فلم ہوگی—فوٹو: رائٹرز

اٹلی کی عدالت نے انہیں 1997 میں ہی 29 سال قید کی سزا سنائی تھی، تاہم انہیں اچھے قیدی ہونے کے ناطے 2016 میں 18 سال بعد رہا کردیا گیا تھا۔

قاتل خاتون نے جیل میں ایک بار خودکشی کرنے کی کوشش کی تھی اور انہوں نے دوسرے قیدیوں کے ساتھ قید ہونے سے بھی انکار کیا تھا۔

تاہم عدالت نے انہیں اچھے رویے کی وجہ سے 2016 میں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

پیٹریزا رگیانی نے سابق شوہر کو قتل کرنے سے قبل ان سے طلاق لینے کے وقت معاہدہ کیا تھا جس کے تحت انہیں ’گوچی‘ کمپنی سے سالانہ 5 لاکھ امریکی ڈالر فراہم کرنے کی پابند تھی۔

یہ معاہدہ ان کے جیل جانے اور ان کے مجرم ثابت ہونے کے بعد بھی رہا اور انہیں اپنے حصے کی رقم ملتی رہی، ان کا شمار اٹلی کی امیر ترین خواتین میں ہوتا ہے۔

انہیں سابق شوہر سے 2 بیٹیاں بھی ہیں جو اپنے والد کی چھوڑی دولت اور کاروبار کو سنبھالتی ہیں اور وہ ہی اپنی قاتل والدہ کو معاہدے کی رقم دینے کی پابند ہیں۔

لیڈی گاگا کو فیشن آئیکون بھی سمجھا جاتا ہے—فوٹو: یوئر نیکسٹ شوز

'آن لائن بدسلوکی95 فیصد خواتین صحافیوں کے کام پر اثر انداز ہوتی ہے'

بے ہوش لڑکی کے ’ریپ‘ پر اسپین کی عدالت کا انوکھا فیصلہ

کویت اور سعودی عرب میں خواتین ملازمین کی آن لائن فروخت کا انکشاف