’گیم آف تھرونز‘ کی پری سیکوئل سیریز’ہاؤس آف دی ڈریگن‘
رواں برس مئی میں اپنے اختتام کو پہنچنے والے شہرہ آفاق پولیٹیکل تھرلر فنٹیسی ڈرامہ سیریز ’گیم آف تھرونز‘ کے ختم ہوئے یوں تو کئی ماہ گزر گئے، تاہم لوگ اب بھی اس ڈرامے کے سحر میں گرفتار ہے۔
گیم آف تھرونز ڈرامے کے مداحوں نے جہاں ڈرامہ بنانے والی کمپنی ’ایچ بی او‘ اور ڈرامے کی کہانی لکھنے والے جارج آر آر مارٹن سے مطالبہ کیا تھا کہ ڈرامے کو ختم کرنے کے بجائے اسے بڑھایا جائے، تاہم کمپنی اور لکھاری نے ڈرامے کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس کی پری سیکوئل سیریز بنانے کا اعلان کیا تھا۔
گیم آف تھرونز کی مجموعی طور پر 8 سیریز پیش کی گئیں جن میں تقریبا 80 قسطیں پیش کی گئیں اور اس ڈرامے نے متعدد ایوارڈ جیتے اور دنیا بھر کے کروڑوں افراد کی دلوں پر راج کیا۔
یہ بھی پڑھیں: گیم آف تھرونز کی پری سیکوئل سیریز بنیں گی
گیم آف تھرونز تیار کرنے والی کمپنی اور لکھاری جارج آر آر مارٹن نے ڈرامے کے اختتام سے قبل ہی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ڈرامے کی پری سیکوئل سیریز بنائی جائیں گی اور اب پری سیکوئل کی پہلی سیریز کی پہلی جھلک بھی جاری کردی گئی۔
ایچ بی او کی جانب سے پری سیکوئل سیریز کی جھلک جاری کرتے ہوئے تصدیق کی گئی کہ ڈرامے کی سیریز کا نام ’ہاؤس آف ڈریگن‘ ہوگا اور سیریز کے پہلے سیزن کی 10 قسطیں نشر کی جائیں گی۔
کمپنی نے ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مزید بتایا کہ پری سیکوئل سیریز کے پہلے سیزن کی کہانی بھی جارج آر آر ماٹن نے لکھی ہے اور اس سیریز کی کہانی ’گیم آف تھرونز‘ ڈرامے کی کہانی سے 300 سال قبل شروع ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں: 'گیم آف تھرونز' کے اختتام سے مداح مایوس
پری سیکوئل سیریز کی کہانی جارج آر آر مارٹن کے ناول ’فائر اینڈ بلڈ‘ سے لی گئی ہے جو گیم آف تھرونز کے ناول ‘اے سانگ آف آئس اینڈ فائر’ کا پری سیکوئل ہے۔
کمپنی نے ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کو ریلیز کرنے کا اعلان نہیں کیا، نہ ہی اس کی کاسٹ کا اعلان کیا گیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ پری سیکوئل سیریز کو آئندہ برس کے وسط تک ریلیز کردیا جائے گا اور اس کی کاسٹ کے حوالے سے آئندہ برس کے آغاز تک اعلان سامنے آنے کا امکان ہے۔