الزام لگانے والا مر گیا، کیون اسپیسی کے خلاف جنسی ہراسانی کا مقدمہ خارج
آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار پر کم عمر لڑکے سمیت 30 مرد و خواتین نے جنسی ہراسانی اور ’ریپ‘ کے الزامات عائد کر رکھے ہیں۔
امریکی شہر لاس اینجلس کی عدالت نے آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار 59 سالہ کیون اسپیسی کے خلاف جنسی ہراسانی کا ایک کیس خارج کردیا۔
کیون اسپیسی پر ایک کم عمر لڑکے کے ’ریپ‘ سمیت کم سے کم 30 مرد و خواتین کو جنسی ہراساں کرنے اور ’ریپ‘ کے الزامات ہیں۔
کیون اسپیسی کے خلاف جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگانے والے ایک شخص نے رواں برس جولائی میں ان کے خلاف دائر کیا گیا مقدمہ واپس بھی لے لیا تھا۔
علاوہ ازیں کیون اسپیسی پر کم عمری میں ’ریپ‘ کا الزام لگانے والے 18 سالہ لڑکے کی جانب سے عدالت میں اداکار کے خلاف گواہی نہ دینے کے بعد ان کے خلاف ’ریپ‘ کا مقدمہ بھی ختم ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کیون اسپیسی پر ’ریپ‘ الزام لگانے والے شخص نے کیس واپس لے لیا
اور اب خبر سامنے آئی ہے کہ کیون اسپیسی پر جنسی ہراساں کا ایک مقدمہ دائر کرنے والے شخص کی موت کے بعد اداکار کے خلاف دائر کیا گیا مقدمہ ختم کردیا گیا۔