16سالہ نسیم شاہ نے آسٹریلیا کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی
دورہ آسٹریلیا کے لیے منتخب کیے گئے پاکستان کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے قائد اعظم ٹرافی میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلین ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ میں نوجوان فاسٹ باؤلر موسیٰ خان اور نسیم شاہ کو بھی شامل کیا ہے۔
مزید پڑھیں: موسیٰ اور نسیم شاہ آسٹریلین بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرنے کیلئے پرعزم
16سالہ نسیم شاہ نے اب تک انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کی لیکن وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی تیز باؤلنگ اور باؤنسرز کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔
دورہ آسٹریلیا کے لیے جانے سے قبل ہی نسیم شاہ نے اپنے انتخاب کو درست ثابت کرتے ہوئے فارم کا بھی ثبوت پیش کیا۔
پاکستان کے سب سے بہترین ڈومیسٹک ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ باؤلر نے اپنی شاندار باؤلنگ سے سندھ کی بیٹنگ لائن کو تہنس نہس کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا۔