نواز شریف پر تلوار لٹکا کر ریلیف دیا گیا ہے، احسن اقبال
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو 8 ہفتے کا جو ریلیف ملا ہے یہ غنیمت ہے تاہم اس میں بھی ان پر ایک تلوار لٹکا دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ شہباز شریف نے 24 اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست دائر کی تھی جس پر آج عدالت نے طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے سزا کو 8 ہفتوں کے لیے معطل کردیا۔
فیصلے پر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ حکومت نواز شریف کے کیس میں انصاف کرنے کی پوزیشن نہیں'۔
مزید پڑھیں: العزیزیہ ریفرنس:نواز شریف کی سزا 8 ہفتوں کیلئے معطل
ان کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف کی طبیعت خراب ہونے کے ذمہ دار حکومت اور عمران خان ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ 'عمران خان نے امریکا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان جاکر نواز شریف سے سہولتیں واپس لوں گا جو ان کے تعصب کا ثبوت ہے، نواز شریف کو ملنے والی سہولتیں ڈاکٹروں کی تجویز کردہ تھیں'۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ 'حکومت کی نظر اندازی کی وجہ سے نواز شریف اس نہج پر پہنچ گئے ہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اگر نواز شریف کی صحت کو کچھ بھی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری براہ راست عمران خان پر عائد ہوگی'۔
انہوں نے کہا کہ 'اس وقت نواز شریف کے ساتھ عمران خان نے پاکستان کی معیشت کو بھی بیمار کردیا ہے'۔
یہ بھی پڑھیں: العزیزیہ ریفرنس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی عبوری ضمانت منظور کرلی
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 'کسی بھی اپوزیشن رہنما سے ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی'۔
انہوں نے کہا کہ 'وزیر اعظم کہتے ہیں کہ معیشت ٹھیک ہورہی ہے اس لیے احتجاج کیے جارہے ہیں، آج لاکھوں لوگ اپوزیشن کے احتجاج میں شریک ہورہے ہیں کیونکہ اس حکومت کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہوئے ہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'پورا ملک تباہی کا منظر نامہ پیش کر رہا ہے، یہ حکومت پاکستان کے لیے خطرہ بن گئی ہے'۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف صاحب کے وکیل نے کہا ہے کہ وہ اس حکومت کے سامنے کبھی درخواست نہیں دیں گے جس نے اس ملک کو تباہ کیا اور ان کے ساتھ انتقامی کارروائی جاری رکھی ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف کو 8 ہفتوں کا جو ریلیف ملا ہے یہ غنیمت ہے تاہم اس میں بھی ایک تلوار لٹکا دی گئی ہے، ہم چاہتے تھے کہ ان پر ذہنی دباؤ نہ رہے'۔