’جوکر‘ نے کمائی کا ایک اور ریکارڈ قائم کردیا
رواں ماہ 4 اکتوبر کو خطرات کے باوجود امریکا سمیت دنیا بھر میں ریلیز کی گئی سپر ولن سائکالاجی تھرلر فلم ’جوکر‘ نے کمائی کا ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
’جوکر‘ کی ریلیز کے حوالے سے امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی اور ہوم لینڈ سیکیورٹی نے خطرات کا اظہار کیا تھا اور حکومت کو انتباہ کیا تھا کہ اس فلم کی ریلیز کے موقع پر امریکا میں دہشت گردانہ واقع ہو سکتے ہیں۔
امریکی ایجنسیوں نے یہ انتباہ اس لیے جاری کیا تھا کیوں کہ ’جوکر‘ کردار پر مبنی فلم ’دی ڈارک نائٹ رائزز‘ کو 2012 میں ریلیز کرتے وقت امریکا کے ایک سینما گھر میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔
فائرنگ کے اس واقعے میں کم سے کم ایک درجن افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے اور اسی واقعے کے پیش نظر ’جوکر‘ کو بھی ریلیز کرنے سے روکا گیا تھا، تاہم بعد ازاں اس فلم کی ریلیز کے موقع پر سخت سیکیورٹی کے انتطامات کیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: جرائم کی دنیا پر راج کرنے والا 'جوکر'
فلم نے ریلیز کے پہلے ہی دن اچھی کمائی کرکے دوسری فلموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی تھی اور اب فلم نے محض 2 ہفتوں میں 78 کروڑ 80 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی سوا کھرب روپے تک کی کمائی کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔