لائف اسٹائل

متنازع جنسی رجحانات رکھنے والی نکی مناج نے 'شادی' کرلی

بولڈ پرفارمنس کی ملکہ نے گزشتہ ماہ موسیقی کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی شادی کا بھی عندیہ دیا تھا۔
گلوکارہ نے دیرینہ دوست نیتھ پیری سے شادی کی—فوٹو: انسٹاگرام

گزشتہ ماہ ستمبر میں موسیقی کو چھوڑنے کا اعلان کرکے مداحوں کو حیران کرنے والی بولڈ پرفارمنس اور متنازع جنسی رجحان رکھنے والی گلوکارہ نکی مناج نے خاموشی سے شادی کرکے سب کو حیران کردیا۔

نکی مناج کو ’فحش و بولڈ‘ پرفارمنس کرنے کے حوالے سے شہرت حاصل ہے، انہیں متنازع لباس پہننے سمیت نامناسب انداز میں گلوکاری کرنے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

نکی مناج کو اپنے متنازع جنسی رجحانات کے حوالے سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، وہ ماضی میں اعتراف کر چکی ہیں کہ وہ مرد و خواتین کی جانب یکساں جنسی رجحانات رکھتی ہیں۔

گزشتہ ماہ ستمبر میں انہوں نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے موسیقی کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا تھا، تاہم جلد ہی انہوں نے اپنی ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی تھی۔

ان کی جانب سے موسیقی چھوڑنے کے اعلان پر ان کے کئی مداح مایوس دکھائی دیے جس کے کچھ دن بعد انہوں نے موسیقی میں واپس آنے کا عندیہ بھی دیا اور امید ظاہر کی کہ ان کا چوتھا ایلبم جلد ریلیز ہوگا۔

نکی مناج نے موسیقی چھوڑنے کے اعلان سے قبل ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ان کے بوائے فرینڈ نیتھ پیری نے ان سے شادی کرنے کا لائسنس حاصل کرلیا ہے اور وہ مستقبل میں ایک ہونے کا سوچ رہے ہیں۔ نکی مناج اور نیتھ پیری کے درمیان گزشتہ ڈیڑھ سال سے تعلقات قائم تھے، اس سے قبل ان کے تعلقات امریکی گلوکار و ریپر میک مل سے تھے لیکن ان سے قبل وہ ہم جنس پرستی کی جانب راغب تھیں۔

نکی مناج نے ابتدائی کیریئر میں اعتراف کیا تھا کہ وہ دونوں جنس یعنی مرد و خواتین میں یکساں جنسی طور پر دلچسپی لیتی ہیں۔

نکی مناج کو ہم جنس پرست افراد اور خاص طور پر خواتین ہم جنس پرستوں کی متحرک کارکن تسلیم کیا جاتا ہے۔

ہم جنس پرست افراد کو حقوق نہ دیے جانے کی وجہ سے ہی نکی مناج نے رواں برس جولائی میں سعودی عرب میں اپنے اعلان کردہ میوزک کنسرٹ کو ملتوی کردیا تھا۔

نکی مناج کو متنازع جنسی رجحانات کی وجہ سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے—فوٹو: اے پی

نکی مناج نے سعودی عرب کی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ہم جنس پرست افراد کو حقوق فراہم نہیں کرتی، اس لیے وہ وہاں میوزک کنسرٹ نہیں کر سکتیں، اس سے قبل حکومت نے انہیں میوزک کنسرٹ کرنے کی اجازت دی تھی۔

تاہم اب 36 سالہ گلوکارہ نے خاموشی سے شادی کرکے ایک مرتبہ پھر مداحوں کو حیران کردیا۔

برطانوی اخبار ’دی انڈیپینڈنٹ‘ کے مطابق نکی مناج نے دیرینہ بوائے فرینڈ نیتھ پیری سے شادی کی تصدیق اپنی انسٹاگرام ویڈیو کے ذریعے کی۔

نکی مناج نے انسٹاگرام پر ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے اس کے کیپشن میں ’اونیکا تانیا مراج پیٹی‘ لکھتے ہوئے 21 اکتوبر 2019 کی تاریخ درج کی۔

یہ بھی پڑھیں: نکی مناج کا موسیقی میں واپسی کا عندیہ

ویڈیو میں انہوں نے ’مس برائڈل‘ اور ’مسٹر گروم‘ کے کیپ دکھائے۔

برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نکی مناج کی اچانک شادی سے ان کے مداح حیران رہ گئے۔

اگرچہ نکی مناج نے اچانک شادی کی، تاہم انہوں نے شادی کا عندیہ گزشتہ ماہ ہی دے دیا تھا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ شادی ہوجانے کے بعد اب نکی مناج میوزک کی دنیا میں بھی واپس آجائیں گی۔

نکی مناج کے نیتھ پیری سے ڈیڑھ سال سے تعلقات تھے—فوٹو: رائٹرز

نکی مناج نے 2007 میں گلوکاری کی شروعات کیں اور آغاز میں ہی نیم عریاں اور انتہائی بولڈ پرفارمنس کی وجہ سے وہ دنیا بھر کے نوجوانوں میں مقبول ہوگئیں تھیں۔

36 سالہ گلوکارہ اب تک 300 سے زائد گانوں میں پرفارمنس کر چکی ہیں اور انہوں نے متعدد عالمی ایوارڈ اپنے نام کر رکھے ہیں۔

انہوں نے 2017 میں گنیز ریکارڈ قائم کرنے سمیت بل بورڈ کی فہرست میں سب سے بولڈ ہپ ہاپ گلوکارہ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

مزید پڑھیں: ہم جنس پرستوں کی حمایت میں نکی مناج کنسرٹ سے دستبردار

نکی مناج نے 6 امریکی میوزک ایوارڈ، 10 بی ای ٹی ایوارڈ، 7 بی ای ٹی ہپ ہاپ ایوارڈ، 4 بل بورڈز ایوارڈ، 4 ایم ٹی وی ایوارڈ، 4 پیپلز ٹین ایوارڈز اور 2 پیپلز چوائس ایوارڈز سمیت کئی ایوارڈز حاصل کیے۔

انہوں نے 2018 تک محض 4 میوزک ایلبم ریلیز کیے، تاہم انہوں نے دنیا بھر میں منعقد ہونے والے میوزک کنسرٹس میں بولڈ اور نیم عریاں پرفارمنس کرکے شہرت حاصل کی اور وہ نئی نسل میں انتہائی مقبول گلوکارہ رہی ہیں۔

نکی مناج بولڈ انداز کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں—فوٹو: شٹر اسٹاک