لائف اسٹائل

فیشن شو میں پاکستانی اداکاروں کی کیٹ واک مذاق بن گئی

منیب بٹ، شہزاد شیخ، اسد صدیقی، فہد مرزا، آغا علی اور علی سفینہ ڈیزائنر ہمایوں عالمگیر کے لیے فیشن شو میں جلوہ گر ہوئے۔

کراچی میں منعقد ہونے والے فیشن پاکستان ویک (ایف پی ڈبلو) کے دوسرے روز نامور ڈیزائنر ہمایوں عالمگیر کی کلیکشن سب کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

اس کی وجہ ان کے ملبوسات نہیں بلکہ ان کو پہن کر ریمپ پر کیٹ واک کرنے والے پاکستان اداکار تھے۔

عموماً ڈیزائنرز فیشن شو میں ماڈلز کے بعد اپنے شو کے اختتام کے لیے کسی ایک نامور ستارے کا انتخاب کرتے ہیں جو شو اسٹاپر کہلاتا ہے، تاہم ہمایوں عالمگیر ایک یا دو نہیں بلکہ پاکستانی شوبز انڈسٹری کے 6 بڑے ستاروں کو ریمپ پر لے آئے۔

ان میں اداکار منیب بٹ، شہزاد شیخ، اسد صدیقی، فہد مرزا، آغا علی اور علی سفینہ شامل تھے۔

لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ تمام اداکار ریمپ پر روایتی واک کرنے کے بجائے کچھ الگ ہی انداز میں نظر آئے۔

ایک کے بعد ایک سامنے آنے والے اداکاروں نے ریمپ پر پرجوش انداز میں رقص کیا اور وہاں موجود شائقین کا خوب دل بہلایا۔

اس موقع کی ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں، جہاں شو میں موجود ناظرین کو اداکاروں کا یہ انداز پسند آیا۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر ان سب کا خوب مذاق بنایا جارہا ہے۔

کسی نے کمنٹس میں ان اداکاروں کو 'جوکر' کہا تو کسی نے کہا کہ یہ بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ کی نقل کررہے ہیں۔

البتہ کچھ کمنٹس ایسے بھی سامنے آئے جن میں آغا علی اور منیب بٹ کو دوسرے اداکاروں سے بہتر قرار دیا گیا۔

اس شو میں اگر کوئی سب سے زیادہ پرجوش نظر آیا تو وہ کوئی اور نہیں بلکہ اداکار اسد صدیقی اور علی سفینہ تھے۔

اسد صدیقی اپنی پوری واک کے دوران ڈانس کرتے رہے، جبکہ ناظرین میں موجود ان کی اہلیہ اداکارہ زارا نور عباس بھی ان کے اس انداز کو دیکھ کر حیران رہ گئیں۔

ریمپ سے واپسی پر اداکار اپنی اہلیہ کے پاس گئے جس کے بعد انہوں نے سیاہ رنگ کا ایک اسکارف اسد صدیقی کو پہنایا جبکہ سب کے سامنے انہیں بوسہ بھی دیا۔

زارا نور عباس اور اسد صدیقی کی 2017 میں شادی ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال زارا نور عباس نے بھی ایک فیشن شو میں ریمپ پر نہایت منفرد انداز میں واک کی تھی، جس کے بعد چند ماڈلز نے ان کا بھی سوشل میڈیا پر مذاق اڑایا تھا۔

البتہ زارا نور عباس نے اپنے انداز کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بتایا تھا کہ وہ اس کلیکشن کے لیے ایک رانی بنی تھی اور ان سے اس انداز میں واک کرنے کو کہا گیا تھا۔