عراق میں پھر مظاہرے، جھڑپوں میں 2 افراد ہلاک، متعدد زخمی
بغداد اور دیگر شہروں میں مظاہرین نے کرپشن،بےروزگاری کے خاتمے اور سیاسی نظام کو مکمل طور پر درست کرنے کا مطالبہ کیا۔
عراق کے دارالحکومت بغداد میں حکومت کے خلاف تازہ مظاہروں کے دوران جھڑپوں میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق بغداد میں حکومت مخالف مظاہروں کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا ہے جس میں مظاہرین کی جانب سے کرپشن، بے روزگاری کے خاتمے اور سیاسی نظام کو مکمل طور پر درست کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
سماجی کارکنان کی جانب سے عراقی عوام پر زور دیا گیا تھا کہ وہ جمعہ کو وزیر اعظم عادل عبدالمہدی کے اقتدار کو ایک سال مکمل ہونے پر سڑکوں پر نکلیں۔
تاہم احتجاجی ریلیوں کی شروعات اس سے قبل ہی ہو گئی اور جمعرات کی شام کو ہی سیکڑوں افراد معروف تحریر اسکوائر پر جمع ہو گئے۔