پاکستان

وسیم اکرم پولیو کے خلاف مہم کے سفیر مقرر

پولیو کے عالمی دن کے موقع پر سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کو پولیو کے خلاف مہم کا سفیر مقرر کیا گیا۔

اسلام آباد: پولیو کے عالمی دن کے موقع پر قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کو پولیو کے خلاف مہم کا سفیر مقرر کردیا گیا۔

پاکستان کے انسداد پولیو پروگرام کے قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق وسیم اکرم اور کوآرڈینیٹر نے معاہدے پر دستخط کیے۔

مزید پڑھیں: نائیجیریا پولیو جنگ میں پاکستان کو شکست دینے کو تیار

وسیم اکرم بطور سفیر عوام میں پولیو ویکسین کے بارے میں آگاہی اور پولیو ورکرز کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے۔

پولیو کے سفیر وسیم اکرم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں پاکستان اور افغانستان 2 ہی ممالک ہیں جہاں پر پولیو وائرس ہے، تمام بچوں کو پولیو وائرس سے محفوظ رہنے کا حق ہے اور ہم سب عالمی برادری کے ساتھ مل کر پاکستان کے بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور معاشرے کے تمام مکاتب فکر بچوں کو اس بیماری سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پولیو پروگرام کے اصل ہیروز 2 لاکھ 60 ہزار پولیو ورکرز ہیں جن کی انتھک محنت سے ہی پاکستان عنقریب پولیو سے پاک ملک بنے گا۔

پولیو کا عالمی دن ہر سال 24 اکتوبر کو منایا جاتا ہے تاکہ پولیو ورکرز کی پولیو کے خلاف کی جانے والی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: پولیو پروگرام کی کارکردگی کے اعداد و شمار تبدیل کیا گیا، ترجمان وزیر اعظم

اس سال پولیو کے عالمی دن کو 'انسداد پولیو کے ہیروز' اور 'ترقی کی کہانیاں: ماضی اور حال' سے منسوب کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں انسداد پولیو ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔

اس موقع پر کنٹری ہیڈ یونیسف آئدہ گرمائی ملاکو اور عالمی ادارہ صحت کی ڈاکٹر پلیتھا سمیت دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں پولیو ایک مرتبہ پھر سر اٹھانے لگا ہے اور عمر بھر کے لیے معذور کردینے والی اس بیماری سے رواں سال کے دوران متاثر ہونے والے بچوں کی کُل تعداد 41 تک پہنچ گئی ہے۔