پلیٹلیٹس کیا ہیں اور انسانی صحت میں ان کا کیا کردار ہوتا ہے؟
عام طور پر پاکستان میں انسانی خون کے اندر موجود خلیات یا ذرات کا تذکرہ عام میڈیا اور سوشل میڈیا پر کم ہی ملتا ہے مگر گزشتہ چند دن سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جیل میں طبیعت خراب ہوجانے اور ان کے پلیٹلیٹس کم ہونے کی وجہ سے ہرکوئی ان پر بات کرتا دکھائی دے رہا ہے۔
لیکن زیادہ تر افراد کو یہ علم نہیں کہ انسانی خون میں موجود انتہائی اہم یہ ذرات کیا ہوتے ہیں اور انسانی صحت میں ان کا کیا کردار ہوتا ہے؟
طبی ماہرین کے مطابق پلیٹلیٹس دراصل انسانی جسم کے خون میں موجود پلیٹ کی شکل کے چھوٹے چھوٹے ذرات یعنی خلیات ہوتے ہیں اور ان کے گرد جھلی بنی ہوئی ہوتی ہے، ان کا کام انسانی خون کے جسم سے انخلا کو روکنا ہوتا ہے۔
یہ خلیات یعنی پلیٹلیٹس خون کے ساتھ ہی گردش کرتے رہتے ہیں اور جسم کے کسی بھی حصے میں زخم ہونے یا چوٹ لگنے کی صورت میں وہ وہاں جمع ہوکر جھلی بنا لیتے ہیں اور خون کو جسم سے باہر آنے سے روکتے ہیں۔