گوگل کا 10 ہزار سال کا کام 200 سیکنڈ میں کرنے والے کمپیوٹر تیار کرنے کا دعویٰ
دنیا کا ذہین سے ذہین انسان ایک گھنٹے میں کتنے اربوں، کھربوں اور ٹریلین کا حساب کر سکتا ہے؟
انسان کو چھوڑیے، یہ بتائیے کہ ایک عام کمپیوٹر ٹریلین سے آگے کواڈریلین، کواٹریلین یا سیکسوٹیلین کا حساب لگانے میں کتنا وقت لے گا؟
نہیں جانتے نا!، لیکن اب انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کی سب سے بڑی کمپنی گوگل نے ایک ایسا کمپیوٹر تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو دنیا میں موجود طاقتور ترین ‘سپر کمپوٹرز‘ کے مقابلے اتنا زیادہ تیز ہے کہ عام انسان اس کا حساب ہی نہیں لگا سکتا۔
جی ہاں، گوگل نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے سائنسدان ایک ایسا کمپیوٹر بنانے میں کامیاب گئے ہیں جو محض 200 سیکنڈز میں وہ کام سر انجام دے سکتا ہے جو ’سپر کمیپوٹرز‘ 10 ہزار سال میں سر انجام دے سکتے ہیں۔
اس وقت دنیا بھر میں سب سے تیز اور ذہین کمپیوٹر ’سپر کمپیوٹرز‘ ہوتے ہیں جو عام استعمال کے بجائے انتہائی اعلیٰ تحقیق کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں اور ایسے کمپیوٹرز کی رفتار یا کام کرنے کی صلاحیت انسانی سوچ سے بھی آگے ہوتی ہے۔
دنیا کا سب سے طاقتور اور ذہین ترین کمپیوٹر چین کے پاس تھا مگر گزشتہ برس نومبر میں امریکا نے ایک ایسا کمپیوٹر تیار کیا تھا جو چینی کمپیوٹر سے بھی چار گنا تیز اور ذہین تھا۔