پاکستان

بھارتی اقدامات سے خطے میں جنگ کا خطرہ بڑھ رہا ہے، صدر آزاد کشمیر

بھارت جنگی مرض میں مبتلا ہے،اس نے جوہری ہتھیار کے استعمال کی دھمکی دی ہے،لہٰذا ہمیں جنگ کیلئے تیار رہنا چاہیے،مسعود خان

اسلام آباد: آزاد جموں کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف بھارت کے جارحانہ عزائم سے 2 جوہری ممالک کے درمیان جنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پالیسی انسٹیٹیوٹ اور قائداعظم یونیورسٹی کے ڈپارٹمنٹ آف ڈیفنس اینڈ اسٹریٹیجک اسٹڈیز (ڈی ایس ایس) میں منعقد سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ ’بھارت، پاکستان کو جنگ سے دھمکا رہا ہے، بھارت جنگی مرض میں مبتلا ہے اور اس نے جوہری ہتھیار کے استعمال کی دھمکی دی ہے‘۔

صدر آزاد کشمیر نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع راج ناتھ کے سنگھ کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی اقدامات خطے کی سیکیورٹی کو نقصان پہنچارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارت مقبوضہ کشمیر اور ایل او سی پر سفرا، میڈیا کو لے کر جائے، ترجمان پاک فوج کا چیلنج

واضح رہے کہ مذکورہ سیمینار موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور اس حوالے سے پالیسی تجاویز مرتب کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔

صدر آزاد کشمیر نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا جب بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان مخالف بیان دینے کے علاوہ بھارت نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر شہری آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں میں بھی اضافہ کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی: بھارتی فوج کی بلا اشتعال شیلنگ سے پاک فوج کا جوان، 6 شہری شہید

انہوں نے کہا کہ یہ ’ پاگل پن‘ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور دیگر انتہا پسند گروہوں کے فاشسٹ ایجنڈے کا نتیجہ ہے۔

صدر آزاد کشمیر نے مذکورہ بیان بی جے پی حکومت کی جانب سے کشمیر اور پاکستان کے خلاف اقدامات، 19 لاکھ مسلمانوں کی شہریت واپس لینے اور اقلیتوں کے خلاف انتہاپسند گروہوں کی جانب سے دیگر اقدامات کے تناظر میں دیا گیا۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ کشمیر میں بھارتی آپریشن صرف پاکستان کے خلاف بھارتی اقدامات کے سلسلے کا آغاز ہے۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ ’ہم سب کو جنگ کے لیے تیار رہنا چاہیے‘۔

صدر آزاد کشمیر نے حکومت کی جانب سے عالمی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کو درپیش مشکلات کی نشاندہی سے متعلق کیے جانے والے اقدامات پر بھی بات کی۔